http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 14 June, 2008, 06:38 GMT 11:38 PST

چین میں درجنوں افراد ہلاک

شمالی چین میں کوئلے کی ایک کان میں ہونے والے دھماکے میں کم سے کم ستائیس کان کن ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ سات اندر پھنسے ہوئے ہیں۔

بعض کان کن اس دھماکے سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے جو کہ جمعہ کی صبح چین کے صوبے شانشی میں ہوا۔

گزشتہ سال چین کی کانوں میں اوسط طور پر دس کان کن روزانہ ہلاک ہوئے تھے۔

ایک دوسرے واقعے میں سرکاری خبررساں ادارے شِنخوا کے مطابق شانشی صوبے میں ہی مٹی کے تودے گرنے سے اینٹ پکانے والا ایک بھٹا زمین میں دب گیا جس کے نتیجے میں انیس افراد ہلاک ہوگئے۔

چینی حکام کے مطابق بیس سے زائد بُلڈوزر اور تین سو سے زائد امدادی افراد وہاں پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

ادھر کوئلے کی کان میں جمعہ کے روز جب دھماکہ ہوا اس وقت اڑتالیس کان کن زیرزمین کام کررہے تھے۔ ان میں ستائیس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جاچکی ہے۔

کان کے مالک نے مقامی حکام کو بتایا ہے کہ ہلاکتیں دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے کی وجہ سے ہوئیں۔ چینی ٹیلی ویژن کے مطابق امدادی کارکن وہاں پھنسے ہوئے افراد کی مدد کر رہے ہیں۔