Saturday, 07 June, 2008, 03:27 GMT 08:27 PST
ہیلری کلنٹن امریکہ کی پہلی خاتون صدر بننے کی مہم سے دستبرداری کا باقاعدہ اعلان کرنے والی ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ بارک اوبامہ کی حمایت کے اعلان کے علاوہ اپنی انتخابی مشینری کی خدمات بھی ان کے لیے پیش کریں گی۔
دریں اثناء قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ اوبامہ نائب صدر کے لیے اپنے ساتھ کس امیدوار کا انتخات کریں گے۔
اوبامہ واشنگٹن کی اس تقریب میں شامل نہیں ہوں گے جس میں کلنٹن صدارتی مہم سے علیحدگی کا اعلان کرنے جا رہی ہیں۔ تاہم ان دونوں کے درمیان جمعرات کو ایک ملاقات ہو چکی ہے۔
ہیلری کلنٹن نے جمعہ کا دن خاموشی سے گزارا جبکہ اوبامہ شکاگو میں تھے جہاں امریکہ کی طرف سے شہر کا نام سن دو ہزار سولہ کی اولمپک کے لیے شارٹ لسٹ کیے جانے پر تقاریب منعقد ہو رہی تھیں۔ اوبامہ بغیر اعلان کے اچانک ان تقاریب میں شرکت کے لیے شکاگو پہنچ گئے۔
ہیلری کلنٹن کی طرف سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے کہ وہ ڈیموکریٹک پارٹی کا امیدوار منتخب کروانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گی لیکن وہ نائب صدارت کے لیے امیدوار نہیں ہیں۔