Saturday, 07 June, 2008, 17:42 GMT 22:42 PST
امریکہ میں سینیٹر ہیلری کلنٹن نے ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی امیدوار کی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے جاری دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے اپنے حامیوں سے باراک اوباما کی حمایت کرنے کی اپیل کی ہے۔
ہیلری کلنٹن نے واشنگٹن میں پارٹی کے ارکان اور حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باراک اوباما نے اس سوال کا جواب دے دیا ہے کہ کیا کوئی سیاہ فام امریکہ میں صدر کے عہدے کا امیدوار ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی میں خواتین کے خلاف کو تعصب نہیں ہے اور نہ ہی ان پر کوئی قدغن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن وائٹ ہاؤس میں ایک خاتون صدر ہو گی۔
انہوں نے کہا اب ہمیں اپنی توانائی باراک اوباما کی صدارتی مہم کے لیے وقف کرنی چاہیں۔
پرجوش پارٹی کارکنوں کے ایک اجتماع سے انہوں نے کہا ’میں اپنی مہم ختم کرتی ہوں اور باراک اوباما کو ایک غیر معمولی مہم میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد دیتی ہوں۔ میں ان کی حمایت کرتی ہوں اور آپ سے بھی اپیل کرتی ہوں کہ ان کی حمایت کریں۔‘
ہیلری کلنٹن نیشنل بلڈنگ میوزیئم میں بڑے پرجوش اور پراعتماد لہجے میں خطاب کیا اور ان سب کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے انتخابی مہم کے دوران ان کی حمایت کی اور ووٹ دیا۔
انہوں نے کہا کہ گو وہ نامزدگی حاصل کرنے کی اس دوڑ میں کامیاب نہیں ہو سکیں لیکن عورت کے صدر بننے کی راہ ہموار کر دی ہے۔