http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 06 June, 2008, 15:52 GMT 20:52 PST

ایران پر حملے کی اسرائیلی دھمکی

اسرائیل کے نائب وزیراعظم نے دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نےجوہری ہتھیاروں کی مبینہ تیاری کا پروگرام جاری رکھا تو اسرائیل ایران پر حملہ کر دے گا۔

ایک اسرائیلی اخبار سے بات کرتے ہوئے شاؤل مفاذ کا کہنا تھا کہ ایران پر لگائی جانے والی پابندیاں غیر مؤثر ثابت ہوئی ہیں۔

شاؤل مفاذ نے کہا کہ’اگر ایران جوہری ہتھیاروں کی تیاری کا پروگرام جاری رکھتا ہے تو ہم اس پر حملہ کریں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ’ ایران کے جوہری عزائم کو روکنے کے لیے ایسے حملے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہےگا‘۔

چند دن قبل امریکہ کے دورے کے دوران اسرائیل کے وزیراعظم ایہود اولمرت نے کہا تھا کہ’ایرانی خطرے کو ہر ممکنہ طریقے سے روکنا ضروری ہے‘۔

یاد رہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل ایران پر تین مراحل میں پابندیاں عائد کر چکی ہے۔ ان پابندیوں میں اثاثوں کا انجماد اور جوہری پروگرام سے منسلک ایرانی افراد اور کمپنیوں پر سفری پابندیاں بھی شامل ہیں۔

ان پابندیوں کے تحت ایران کو ایسی اشیاء بھی فروخت نہیں کی جا سکتیں جو سویلین اور فوجی دونوں قسم کے ایٹمی منصوبوں میں استعمال ہو سکتی ہوں۔