Tuesday, 20 May, 2008, 10:24 GMT 15:24 PST
افغانستان میں اتحادی افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ پیر کومختلف واقعات میں نیٹو کے دو فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
نیٹو افواج کا کہنا ہے کہ ان کا ایک فوجی، دشمن کے حملے میں ہلاک ہوا جب کہ دوسرے فوجی کی ہلاکت دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے ہوئی۔
نیٹو نے ان فوجیوں کی شناخت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا تاہم بعد میں برطانیہ کی وزارت دفاع نے کہاہے کہ پیر کے روز صوبہ ہلمند میں موسیٰ قلعہ کے قریب دھماکےمیں ہلاک ہونے والےفوجی کا تعلق برطانیہ سے ہے۔
برطانوی فوجی کی ہلاکت کے بعد افغانستان میں سنہ دو ہزار کے امریکی حملے کے بعد سےمرنے والے برطانوی فوجیوں کی تعداد 96 ہوگئی ہے۔
افغانستان میں گزشتہ برس دو سو بیس غیر ملکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
افغانستان میں سنہ انیس سو چھیانوے میں طالبان کی حکومت تھی جسے سنہ دو ہزار ایک میں نائن الیون کے بعد امریکہ نے حملہ کرکے ختم کر دیا۔
طالبان، افغانستان میں غیرملکی افواج کی موجودگی اور حامد کرزئی حکومت کے خلاف چھاپہ مار کارروائیوں میں مصروف ہیں۔