Tuesday, 13 May, 2008, 23:45 GMT 04:45 PST
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست مغربی ورجینیا میں ہلیری کلنٹن نے ڈیموکریٹ پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدوار کے انتخابات کے لیے ہونے والے پرائمری انتخابات میں فتح حاصل کر لی ہے۔
پولنگ مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چھ بجے شروع ہو کر شام ساڑھے سات بجے تک جاری رہی اور امریکی ٹی وی چینلوں نے پولنگ کے خاتمے کے ساتھ ہی ہلیری کی کامیابی کا اعلان کر دیا۔
ووٹنگ سے قبل حاصل کیے جانے والے بھی بعض عوامی جائزوں کے مطابق بھی سینیٹر ہلیری کلنٹن کو حریف سنیٹیر باراک اوبامہ پر زبرست برتری حاصل تھی۔تاہم ملک گیر سطح پر اوبامہ پرائمری انتخابات اور فنڈ جمع کرنے میں واضح طور پر آگے ہيں۔
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ صدارتی امیدوار کے انتخابات میں ممکنہ طور پر ہیلری کی آسان جیت سے ڈیموکریٹ امیدوار بننے کی دوڑ پر کچھ خاص اثر نہیں پڑے گا۔ مغربی ورجینیا کے بعد آئندہ پرائمری انتخابات اوریگن اور کینٹکی میں بیس مئی کوہونے والے ہيں۔
مغربی ورجینیا میں فتح کے بعد ہلیری کو مزید اٹھائیس مندوبین کی حمایت ملے گی۔ تاہم ابھی تک کے انتخابات میں اوبامہ کو زیادہ مندوبین کی حمایت حاصل ہوئي ہے جو ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن میں پارٹی کا صدارتی امیدوار نامزد کريں گے۔گذشتہ ہفتے بھی چھبیس سپر ڈیلی گیٹس نے بھی اوبامہ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ ریاست کی آبادی کی نوعیت ہیلری کے لیے سازگار تھی کیونکہ اس ریاست میں پچانوے فیصد آبادی سفید فام لوگوں کی ہے جن میں زیادہ تر ملازم پیشہ اور روایتی طور پر سخت گیر نظریے کے حامی ہيں۔ آبادی کا اس طرح کا گروپ دوسری ریاستوں میں بھی عموماً ہلیری کے ساتھ رہا ہے۔
اوبامہ کو مندوبین کی بڑھتی ہوئی حمایت اور ان کی انتخابی مہم سرد پڑنے کے باوجود ہلیری انتخابات سے باہر ہونے کے لیے تیار نظر نہيں آتیں جبکہ آئندہ چند دنوں میں اوبامہ فلوریڈا، مشی گن اور مزوری جانے کا ارادہ رکھتے ہيں جہاں ممکنہ طور پر صدارتی انتخابات کےلیے کڑا مقابلہ ہوگا۔ ساتھ ہی وہ جنوبی ڈکوٹا اور اوریگن بھی جائیں گے جہاں ابھی پرائمری انتخابات ہونے باقی ہيں۔