http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 12 May, 2008, 08:20 GMT 13:20 PST

جنوب مغربی چین میں زلزلہ

امریکی محکمہ عرضیات کے مطابق چین کے جنوب مغرب میں زلزلہ آیا ہے۔ ریخترسکیل پر اس زلزلے کی پیمائش سات عشاریہ آٹھ کی گئی ہے۔

چینی خبر رساں ایجنسی ژِنہوا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے بیجنگ ، شنگھائی، ہانگ کانگ، تائیوان اور ویتنام تک میں محسوس کیے گئے ہیں ۔

ابتدائی خبروں میں کسی بھی طرح کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے ۔زلزلے سے کچھ بلند عمارتوں کے ہلنے کے بعد ان عمارتوں کو خالی کروا لیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ عرضیات نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ زلزلے کا مرکز سیچوان صوبے کے شہر چینگڈو سے بانوے کلو میٹر دور شمال مغرب میں تھا۔اس صوبے کی آبادی تقریباً دس ملین ہے۔ زلزلےکے بعد علاقے میں ٹیلی فون کا نظام ٹھپ ہو گیا ہے۔