http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 01 May, 2008, 08:14 GMT 13:14 PST

صومالیہ: امریکی حملہ، متعدد ہلاک

اطلاعات کے مطابق صومالیہ کی شدت پسند اسلامی تنظیم کی عسکری شاخ کے ایک رہنما فضائی حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

تازہ ترین اطلاع کے مطابق امریکہ کے فوجی اہلکاروں نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے صومالیہ میں القاعدہ کے رہنما پر کرایا ہے۔

اس سے پہلے مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ حملہ امریکی طیاروں نے کیا ہے لیکن نامہ نگاروں کا کہنا تھا کہ ’ان کے اس خیال کی کہیں سے تصدیق نہیں ہو سکی‘۔

الشباب نامی تنظیم کے سرکردہ کمانڈر رہنما عدن ہاشی ایور اس وقت ہلاک ہوئے جب دوسامعارب کے وسطی شہر میں ان کی گھر پر بمباری کی گئی۔

بتایا جاتا ہے کہ اس حملے میں ایک اور سینئر رہنما سمیت دیگر آٹھ افراد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

الشباب صومالیہ میں شرعی عدالتوں کی تحریک کی عسکری شاخ خیال کی جاتی ہے اور امریکہ اسے ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیتاہے۔

کہا جاتا ہے کہ الشباب کو صومالیہ کے وسطی اور جنوبی حصوں پر کنٹرول حاصل ہے۔

الشباب کے ترجمان مختار روباؤ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ اس حملے میں ایور اور ان کے بھائی مارے گئے ہیں۔

مقامی لوگوں کے مطابق ایور کے گھر پر حملہ مقامی وقت کے مطابق رات کو تین بجے اور گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق بارہ بجے رات کیا گیا۔

ایک عینی شاہد نور گیلی کے مطابق ’ہم نے دھماکوں کی بلند آوازیں سنیں اور جب ہم بھاگ کر اپنے گھروں سے باہر نکلے تو ہم نے دیکھا کہ ایور کے گھر سے آگ اور دھویں کے مرغولے بلند ہو رہے تھے‘۔

ایک اور شاہد کے مطابق ’اس حملے میں ایور کے گھر کے ساتھ آس پاس کے کئی مکانات بھی ملبے کا ڈھیر بن گئے‘۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ الشباب القاعدہ کا حصہ ہے، جب کہ نامہ نگاروں کا خیال ہے کہ دونوں کے درمیان رابطوں کو ثابت کرنا ناممکن ہے۔