http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 21 April, 2008, 10:01 GMT 15:01 PST

عالمی کساد بازاری کی پیش گوئی

سنگا پور کی انویسٹمنٹ کمپنی جی آئی سی نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر اقدامات نہیں کیے گئے تو دنیا بدترین کساد بازاری کی سمت بڑھ رہی ہے جو پچھلے تیس برسوں میں اب تک کی بد ترین کساد بازاری ہوگی۔

کمپنی کے ڈپٹی چیئرمین ٹونی ٹین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر پیسے کی دستیابی کم ہونے کے سبب دنیا بھر میں انتہائی غیر یقینی کی صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے۔

یہ کمپنی سنگا پور کے غیر ملکی زرِ مبادلہ کے بڑے ذخائر کا انتظام چلانے کے لیے تشکیل کی گئی تھی۔ حال ہی میں اس کمپنی نے بحران سے دو چار کئی مغربی بینکوں کو خریدنے میں اربوں ڈالر خرچ کئے ہیں جن میں یو بی ایس اور سٹی گروپ شامل ہیں۔

مسٹر ٹین کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ ہم ایسی کساد بازاری کا شکار ہوں جو گزشتہ تیس برسوں میں اب تک کی سب سے بڑی اورطویل کساد بازاری ہو۔

یو بی ایس اور سٹی گروپ کو خریدنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ طویل المدتی سرمایہ کاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ’جب بازار میں ٹھہراؤ پیدا ہوگا اور اقتصادی صورتِ حال معمول پر آجائے گی تو اس سے ہمیں بہت مالی فائدہ ہوگا‘۔

سے جی آئی سی کا کہنا ہے کہ سو بلین ڈالر سے زائد کے اثاثوں کا انتظام چلاتی ہے۔

تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ اس کمپنی کے اثاثوں کی مالیت تین سو بلین ڈالر سے زائد ہو سکتی ہے جس سے یہ ادارہ دنیا کے سب سے آزاد مالی اداروں میں سے ایک ہے