Saturday, 19 April, 2008, 03:00 GMT 08:00 PST
ہالینڈ کی فوج کے نئے سربراہ کا بیٹا لیفٹننٹ فان اوہم افغانستان کے جنوبی صوبے ارزگان میں سڑک کے کنارے نصب بم کا نشانہ بن گیا ہے۔
جمعہ کو پیش آنے والے اس واقعے میں ایک اور ولندیزی فوجی بھی ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے۔
تئیس سالہ وان اوہم جنرل پیٹر فان اوہم کے بیٹے تھے جنہوں نے جمعرات کو ہی ولندیزی فوج کی کمان سنبھالی تھی۔ اب تک سولہ ولندیزی فوجی افغانستان میں ہلاک ہو سکے ہیں۔ طالبان کا کہنا ہے کہ انہوں نے خاص طور پر لیفٹننٹ اوہم کو نشانہ بنایا تھا لیکن ولندیزی فوج نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔
طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے کہا کہ ان کے لوگ ولندیزی فوجیوں کا انتظار کر رہے تھے۔ انہوں نے ایک نامعلوم مقام سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب وہ باہر آیا طالبان نےسرنگ بچھادی جس سےوہ ہلاک ہو گیا۔‘
ولندیزی حکام نے طالبان کے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناممکن ہے کہ وہ اوہم کے بارے میں جانتے تھے، وہ ایسا پراپیگینڈے کے لیےکہہ رہےہیں۔