Tuesday, 15 April, 2008, 03:17 GMT 08:17 PST
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینی علاقے سے اسرائیل میں راکٹ حملے کرنے والے عسکریت پسند گروہ کے اہم کمانڈر کو ایک فضائی کارروائی میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔
طبی عملے کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں تین راہگیر بھی زخمی ہوئے ہیں۔
فوجی حکام کے مطابق شمالی غزہ کے علاقے بیت لہیہ میں کی جانے والی اس فضائی کارروائی کا نشانہ ابراہیم ابو علبہ تھے جن کا تعلق ڈیموکریٹک فرنٹ فار لبریشن اف فلسطین سے تھا۔
اسرائیلی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ابو علبہ نہ صرف اسرائیل پر حملوں میں ملوث تھے بلکہ وہ نئے حملوں کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے۔
اسرائیل اکثر غزہ میں مبینہ شدت پسندوں کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائی کرتا رہتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں اسرائیلی علاقے پر کیے جانے والے راکٹ حملے روکنے کی کوشش ہیں۔