Saturday, 12 April, 2008, 22:59 GMT 03:59 PST
عراق میں سرگرم شیعہ ملیشیا مہدی آرمی کے سربراہ مقتدٰی الصدر نے کہا ہے کہ امریکہ ان کے لیے اس وقت تک دشمن رہےگا جب تک ان کے جسم میں’خون کا آخری قطرہ بھی موجود ہے‘۔
مقتدٰی الصدر کی جانب سے یہ بیان امریکی وزیرِ دفاع رابرٹ گیٹس کی جانب سے جمعہ کو دیے جانے والے اس بیان کے جواب میں آیا ہے جس میں امریکی وزیرِ دفاع نے مقتدٰی کو اہم سیاسی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جو بھی عراق کے سیاسی عمل میں شریک ہو گا وہ امریکہ کا دشمن نہیں۔
مقتدٰی الصدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’میں نے دہشتگرد امریکی وزیرِ دفاع کا بیان سنا اور میں اس قسم کے دہشتگرد کو جواب دینے
پر مجبور ہوں اور وہ یہ کہ
میرا کوئی دشمن نہیں سوائے تمہارے۔ تم قبضہ کرنے والے ہو‘۔
عراقی شیعہ رہنما نے اپنے بیان میں امریکی حکام کو مخاطب کر کے کہا ہے کہ’مجھے آپ کس سیاسی عمل میں شریک کرنا چاہتے ہیں جبکہ آپ خود میری سرزمین پر قابض ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ عراق میں امریکی موجودگی کے خلاف ’جس طرح بہتر سمجھیں گے‘ مزاحمت جاری رکھیں گے۔ مقتدٰی نے عراقی حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ عراق کو’قابضین سے پاک کر دے‘۔ تاہم انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا کہ وہ عراقیوں کے خلاف ہتھیار صرف اسی صورت میں اٹھائیں جب وہ قابضین کی مدد کر رہے ہوں۔