http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 11 April, 2008, 21:09 GMT 02:09 PST

اسرائیلی حملہ، بچے سمیت آٹھ ہلاک

غزہ کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی کارروائی میں ایک بارہ سالہ بچے سمیت آٹھ فلسطینی ہلاک ہوگئے ہیں۔

طبی عملے کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں چار عام شہری اور چار عسکریت پسند شامل ہیں۔

اسرائیلی ٹینک جنہیں ہیلی کاپٹروں کی مدد حاصل تھی جمعہ کی صبح غزہ کی پٹی میں داخل ہوئے تھے اور بریج کے پناہ گزین کیمپ کے قریب سارا دن اسرائیلی فوج اور حماس کے عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد میں سے حماس اور ایک دیگر تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو عسکریت پسند ہیلی کاپٹر سے چلائے جانے والے میزائل کا نشانہ بنے۔

اس سے قبل جنوبی غزہ میں خان یونس کے قریب اسرائیلی فضائی حملوں میں حماس کے دو عسکریت پسند مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

اسرائیلی فوج کی حالیہ کارروائی بدھ کو غزہ کو ایندھن فراہم کرنے والے اڈے پر حماس کے عسکریت پسندوں کے ہاتھوں دو اسرائیلیوں کی ہلاکت کے بعد شروع ہوئی ہے۔اسرائیل نے ان ہلاکتوں کے بعد غزہ کو ایندھن کی فراہمی بھی معطل کر دی ہے۔