Sunday, 06 April, 2008, 04:48 GMT 09:48 PST
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے قریب ایک خود کش بم دھماکے میں ایک سینئیر وزیر سمیت کم سے کم چودہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہائی وے کے وزیر جیا فرنینڈو پالے مغربی ضلع گرام پاہا میں تامل اور سنہالہ اقوام کے نئے سال کی تقریب میں شرکت کررہے تھے ۔
جیا فرنینڈو پالےمراتھن دوڑ کا جھنڈا لہرانے والے تھے کہ اچانک زوردار دھماکہ ہوا۔میڈیا وزیر نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے کہا ہے کہ یہ تمل باغیوں کا خود کش حملہ تھا۔
اس واقعہ میں پچیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
سری لنکا کی وزارت دفاع نے اس واقعہ کا ذمہ دار تامل ٹائیگرز کو ٹہرایا ہے جو سری لنکا کی تمل اقلیت کی آزادی کے لیے مسلح جد وجہد کررہے ہیں۔
مسٹر فرنینڈو پالے اس برس ہلاک ہونے والے دوسرے وزیر ہیں۔
اس سال جنوری میں قومی تعمیر کے وزیر ڈی ایم دیسانائیکے حکومت کی طرف سے تامل ٹائیگرز کے ساتھ سیز فائر ختم کئے جانے کے چند روز بعد ہلاک کردئیے گئے تھے۔
حکومت نے اس وقت سے تامل باغیوں کو اس سال کے آحر تک کچلنے کا اعادہ کیا ہے۔ سن انیس سو تراسی سے شروع ہونے والی تامل علیحدگی کی تحریک میں اب تک ستر ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔