http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 06 April, 2008, 02:21 GMT 07:21 PST

مصر میں ہڑتال کے خلاف وارننگ

مصر میں حکام نے خبردار کیا ہے کہ اتوار کے روز ہونے والی ہڑتال میں حصہ لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مصر میں یہ ہڑتال سب سے بڑی ٹیکسٹائل فیکٹری کے کارکنوں نے خوردنی اشیا کی قیمتوں میں اضافے اور کم تنخواہ کے خلاف احتجاجاً بلائی گئی ہے۔

حکام نے کہا ہے کہ ہڑتال میں حصہ لینے والوں کو جیل کی سزائیں سنائی جائیں گی اور کوئی احتجاجی مظاہرہ بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مصر میں ہڑتال کرنا غیر قانونی ہے اور ماضی میں پولیس نے ایسے کوششوں کو طاقت کے استعمال سے دبایا ہے۔

یہ ہڑتال منگل کے روز ہونے والے پہلے میونسپل الیکشن سے دو روز قبل بلائی گئی ہے۔ یہ الیکشن مارچ دو ہزار سات میں آئینی تبدیلیوں کے بعد پہلے انتخابات ہونگے۔

ستمبر کے مہینے میں محلہ الکبرٰی میں مصر ہیلوان سپننگ اینڈ ویونگ کمپنی کے ہزاروں مزدوروں نے فیکٹری پر قبضہ کرلیا تھا۔ اس سے قبل دو ہزار چھ میں اسی فیکٹری میں ہڑتال کے بعد پورے ملک میں احتجاج ہوا تھا جس کے نتیجے میں سرکار نے مزدوروں کے مطالبات مان لئیے تھے۔

پچھلے چند روز سے حکومت مخالف گروپ لوگوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے یہ پیغام بھیج رہے ہیں کہ وہ اتوار کے روز گھروں میں ہی رہیں، بازار نہ جائیں اور احتجاج میں کالے لباس پہنیں۔

بی بی سی کی نامہ نگار حبا صالح کا کہنا ہے کہ جس گروپ نے ہڑتال کی کال دی ہے وہ عوام میں اتنا مقبول نہیں لیکن بڑھتی ہوئی مہنگائی اور کم تنخواہوں کے خلاف شائد مصر کے عوام اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔