http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 03 April, 2008, 09:00 GMT 14:00 PST

عراق: بصرہ میں فضائی حملہ

عراق کے شہر بصرہ میں ایک فضائی حملے میں کم سے کم ایک شحص ہلاک ہوا ہے۔

اس فضائی حملے میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

یہ گھر بصرہ کے قبلہ نامی اس علاقے میں واقع تھا جو عسکریت پسندوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس حملے میں کم سے کم ایک عسکریت پسند ہلاک ہوا ہے۔

فوجی ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ یہ حملہ برطانوی یا کہ امریکی جنگی طیاروں نے کیا ۔ ترجمان لیفٹننٹ ڈیوڈ رسل نے کہا کہ اس حملے میں ان مذاحمت کاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا جو شہر میں عراقی فوج سے لڑ رہے ہیں۔

پچھلے ہفتے شہر میں تشدد کی تازہ لہر میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔ شعیہ عسکریت پسند رہنما مقتدی الصدر نے اتوار کو اپنے جنگجوؤں کو سڑکوں سے واپس بلا لیا تھا۔

تاہم فوج نے بدھ کے روز موصل کے قریب ہونے والے دھماکے کے بارے میں کچھ کہنے سے گریز کیا۔

عراقی پولیس کا کہنا ہے کہ موصل سے تقریباً پچیس کلومیٹر دور واقع مقام عدایہ پر بدھ کی رات ایک فوجی چوکی پر بم حملے میں سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔

نامہ نگاروں کے مطابق موصل عراق کا وہ آخری شہری علاقہ ہے جو القاعدہ سے تعلق رکھنے والے سنی عسکریت پسندوں کا گڑھ ہے۔