http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 02 April, 2008, 07:14 GMT 12:14 PST

صدر موگابے کی جماعت کو شکست

زمبابوے میں انتخابی کمیشن نے کہا ہے کہ صدر رابرٹ موگابے کی جماعت زانو ایف پی کی پارلیمنٹ میں اکثریت ختم ہوگئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ان کی جماعت نے پارلیمان کی دو سو سات نشتوں میں سے چورانوے حاصل کی ہیں جبکہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے ایک سو پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ ایک سیٹ آزاد امیدوار کو ملی ہے۔

اس سے قبل اپوزیشن کی ایم ڈی سی نے کہا تھا کہ اس کے راہنما مورگن شھنگرائی صدارتی انتخابات جیت چکے ہیں۔ زانو پی ایف جماعت نے اس اعلان کو ان کی خام خیالی قرار دیا تھا۔

زمبابوے کے صدارتی انتخابات کے نتائج کا سرکاری اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔

مسٹر شھنگرائی کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ وہ صدر موگابے کو شکست دے چکے ہیں لیکن وہ اپنی کامیابی کا دعوی اس وقت تک نہیں کریں گے جب تک کہ سرکاری نتائج معلوم نہیں ہوجاتے۔

انہوں نے صدر رابرٹ موگابے کے ساتھ کسی بھی قسم کے خفیہ معاہدے کے نتیجے میں صدر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کی خبروں کی تردید کی ہے۔

حزب اختلاف کی جماعت موومنٹ فار ڈیموکریٹک چینج کا کہنا تھا کہ آخری نتائج آنے تک کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔ موگابے حکومت کے وزیر برائٹ موٹنگا نے بھی خفیہ معاہدے کی اطلاعات تردید کی ہے۔