Wednesday, 02 April, 2008, 08:44 GMT 13:44 PST
امریکی صدر جارج بش نے نیٹو اتحادیوں سے افغانستان مزید فوجی بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بات انہوں نے رومانیہ میں نیٹو کے اجلاس شروع ہونے سے قبل کہی۔
صدر بش نے رومانیہ کے شہر بخارسٹ میں کہا کہ ’ہم افغانستان میں ہارنے کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔۔۔ ہمیں ضرور جیتنا ہے‘۔
رومانیہ اور فرانس مزید فوجی افغانستان بھیج رہے ہیں اور صدر بش نے دیگر ممالک سے کہا ہے کہ وہ بھی حصہ لیں۔
بدھ سے شروع ہونے والے اجلاس میں نیٹو اتحادی چاہتے ہیں کہ واضح پیغام دیا جائے کہ افغانستان میں فوجیں اس وقت تک رہیں گی جب تک ضروری سمجھا جائے۔
امریکی صدر بش نے یہ بھی کہا کہ نیٹو کا ’دائرۂ آزادی‘ وسیع کرنے کی ضروت ہے اور اس سلسلے میں بلقان ریاستوں کو نیٹو اتحاد میں شامل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا نیٹو اجلاس البانیہ، کروشیا اور مقدونیہ کو نیٹو میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔
اجلاس سے پہلے ایک اہم پیغام میں امریکی صدر نے کہا ’جیسا کہ فرانسیسی صدر سرکوزی نے پچھلے ہفتے لندن میں کہا تھا کہ ہم افغانستان میں ہارنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ اس کی جو بھی قیمت ادا کرنی پڑے، جتنا بھی مشکل کیوں نہ ہو، ہمیں جیتنا ضرور ہے۔اگر ہم دہشت گردوں کو افغانستان میں شکست نہ دے سکے تو ہمیں ان کا سامنا اپنے ملک میں کرنا پڑے گا۔‘