Friday, 28 March, 2008, 08:52 GMT 13:52 PST
عراق میں تیل کی ایک مرکزی پائپ لائن کی تباہی کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں ایک مرتبہ پھر ایک سو آٹھ ڈالر فی بیرل کی بلند سطح تک پہنچ گئی ہیں۔
گزشتہ ہفتے خام تیل کی فی بیرل قیمت قریباً ایک سو بارہ ڈالر تک جا پہنچی تھی تاہم پھر اس میں کمی دیکھنے میں آئی تھی اور آئل مارکیٹ میں فروخت کے رجحان کی وجہ سے ایک موقع پر فی بیرل قیمت سو ڈالر سے بھی نیچے چلی گئی تھی۔
متاثرہ پائپ لائن کی مالک کمپنی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پائپ لائن کو پہنچنے والے نقصان سے بصرہ سے برآمد ہونے والے تیل کی مقدار میں ایک تہائی کمی آئے گی۔
بارکلیز کیپیٹل کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ’ ہم دیکھ رہے ہیں کہ عراق میں حالات نے ایک خطرناک موڑ لیا ہے اور اب جنوبی عراق کے تیل کے نظام کے حوالے سے خدشات سر اٹھانے لگے ہیں‘۔
یاد رہے کہ عراق دنیا میں تیل برآمد کرنے والے چند بڑے ممالک میں سے ایک ہے اور وہاں کی داخلی صورتحال میں پیدا ہونے والی تازہ
تبدیلیاں ہی تیل کی عالمی قیمت میں آنے والے اتار چڑھاؤ کی اہم وجہ رہی ہیں۔