http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 17 March, 2008, 05:08 GMT 10:08 PST

جان مکین عراق کے آٹھویں دورے پر

صدارتی انتخاب کے لیے ریپبلیکن پارٹی کے امیدوار سینیٹر جان مکین اچانک عراق کے غیراعلانیہ دورے پر بغداد پہنچ گئے ہیں۔

جان مکین اپنے دورے کے دوران امریکی اور عراقی اہلکاروں سے ملاقات کریں گے۔

اطلاعات کے مطابق جان مکین اسی ہفتے لندن، پیرس اور اسرائیل کا بھی دورہ کریں گے۔

اپنے دورے کے دوران ریپبلیکن پارٹی کے صدارتی امیدوار برطانوی وزیرِ اعظم گورڈن براؤن، فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی اور اسرائیلی وزیرِ اعظم ایہود اولمرٹ سے ملاقات کریں گے۔

سن 2003 میں بغداد پر امریکی قبضے کے بعد سے جان مکین کا یہ عراق کا آٹھواں دورہ ہے۔

وہ عراق کے نائب وزیر اعظم برہام صالح اور عراق میں امریکی افواج کے سربراہ جنرل پیٹریئس سے ملاقات کریں گے۔

دورے پر جان مکین کے ہمراہ ان کے قریبی اتحادی سینیٹر جو لیبرمین اور سینیٹر لنڈسے گراہم ہیں جو عراق میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کے حامی ہیں۔