http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 06 March, 2008, 04:01 GMT 09:01 PST

ہم آہنگی مذاکرات پوپ کی میزبان میں

کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینیڈکٹ نےمسلمانوں او عیسائیوں کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے عیسائیوں اور مسلمانوں کے درمیان پہلے مذاکرات کی میزبانی کریں گے۔

ویٹیکن سے جاری ہونے والے ایک اعلان کے مطابق مطابق پوپ بینیڈکٹ عیسائیوں اور مسلمانوں کے تعلقات کی بہتری کے اس سال نومبر میں دونوں مذاہب کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کا انعقاد کریں گے۔

عیسائی اور مسلمانوں کے درمیان تعلقات اس وقت زیادہ کشیدہ ہو گئے تھے جب پوپ بینیڈکٹ نے 2006 میں ایک ترک بادشاہ کے بیان کا حوالے دیتے ہوئے مذہب اسلام کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔

پوپ بینڈکٹ کی تقریر کو مسلمان دنیا میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور مسلمان ملکوں میں مظاہرہ کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا۔

پوپ نے بیان سے پیدا ہونے والی بد اعتمادی پر افسوس کا اظہار کیا لیکن مسلمانوں کی طرف معافی مانگنے سے گریز کیا۔

پوپ کی تقریر کے بعد تیتالیس ملکوں سے تعلق رکھنے مسلمان سکالروں نے عیسائیت اور مسلمانوں کے درمیان مذاکرات کی تجویز پیش کی تھی۔

ویٹیکن کے اعلان کے مطابق اسلام اور عیسائیت کی مشترکہ تین روزہ کانفرنس چار نومبر سے شروع ہو گی۔

کانفرنس میں پوپ بینڈکٹ خدا کی محبت، ہمسائے کی محبت، مذہبی اور روحانی بنیاد، اور انسانی وقار اور باہمی عزت کے موضوع پر تقاریر کریں گے۔

کیتھولک عیسائی اور مسلمان سکالروں کو امید ہے کہ یہ کانفرنس عیسائیوں اور مسلمانوں کے درمیان باقاعدہ مذاکرت کی بنیاد فراہم کرے گی۔