Sunday, 02 March, 2008, 04:45 GMT 09:45 PST
روس کے عوام آج اپنے نئے صدر کا انتخاب کرنے کے لیے ووٹ ڈال رہے ہیں اور ملک کے دور دراز مشرقی علاقوں میں اب سے کئی گھنٹے پہلے ہی پولنگ سٹیشن کھل چکے ہیں۔
صدارت کے چار امیدوار ہیں۔ نائب وزیرِ اعظم دمتری میدوی اے دف، جن کو موجودہ صد ولاد میئر پوتن کی حمایت حاصل ہے، کمیونسٹ لیڈر گنادی ژیئو گانف، قوم پرست سیاست داں ولادی میئر زری نوفسکی اور ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ آندرے بگ دانف۔
ان انتخابات کا جائزہ لینے کے لیے یورپی تحفظ اور تعاون کی تنظیم نے اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا ہے اور کہا ہے روسی حکام اس پر ایسی پابندیاں لگانا چاہتے تھے جنہیں قبول نہیں کیا جا سکتا تھا۔
سنیچر کو ’خاموشی کا دن‘ کہا گیا تھا اور اس دن کسی انتخابی مہم کی اجازت نہیں دی گئی۔
انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے 109 ملین سے زائد ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔
ولادویسٹاک میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اب سوال یہ ہے کہ کتنے لوگ ووٹ ڈالنے آتے ہیں۔
نامہ نگار کے مطابق اس مرتبہ انتخابی مہم میں کوئی سرگرمی نظر نہیں آئی اور اس کی وجہ یہ ہے کہ سب سمجھتے ہیں کہ انہیں نتیجہ معلوم ہے۔