Sunday, 24 February, 2008, 04:20 GMT 09:20 PST
امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کے کوشاں سینیٹر ہیلری کلنٹن نے اپنے مد مقابل پر صحت عامہ کی پالیسی کے بارے میں گمراہ کن ’لیف لیٹ‘ یا پرچیاں چھاپنے کا الزام عائد کیا ہے۔
اوہائیو میں جہاں دس دن بعد صدارتی امیدواری کی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے انتخابات ہونے والے ہیں ہیلری کلنٹن نے باراک اوباما پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اوباما شیم ان یو‘۔
باراک اوباما نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ وہ اپنے اس لیف لیٹ پر قائم ہیں تاہم انہوں نے ہیلری کلنٹن کی طرف سے استعمال کی جانے والی زبان پر کہا کہ وہ اس پر حیران ہیں۔
نامزدگی کے لیے جاری انتخابات میں مارچ کی چار تاریخ کو اوہائیو اور ٹکساس میں ووٹنگ ہونے والی ہے جس میں ہیلری کلنٹن کے لیے جیتنا بہت ضروری ہے۔
باراک اوباما اب تک گیارہ ریاستوں کے انتخابات میں لگاتار کامیابی حاصل کر کے ڈیموکریٹ پارٹی میں سب سے آگے تصور کیئے جا رہے ہیں۔
![]() |
|
مسز کلنٹن کو اس وقت تک ایک ہزار دو سو چونسٹھ مندوبین کی حمایت حاصل ہے۔ ٹکساس اور اوہائیو کی ریاستوں میں مندوبین کی کل تعداد تین سو چونتیس ہے۔
نامہ نگاروں کا خیال ہے کہ ان دونوں ریاستوں میں محنت کش طبقے سے تعلق رکھنے والوں کے ووٹ اہم کردار ادا کریں گے اور باراک اوباما نے کم آمدن والے اور محنت کش طبقے کے مسائل پر بات کرنا شروع کر دی ہے۔
باراک اوباما جو امریکہ کے پہلے سیاہ فام صدر بننے کی کوشش میں ہیں کئی اہم اور بااثر تنظیموں کی حمایت بھی حاصل کر چکے ہیں جن میں ٹیمسٹر اور سروس ایمپلائیز انٹرنیشنل یونین شامل ہیں۔