Wednesday, 20 February, 2008, 09:08 GMT 14:08 PST
امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق بدھ کو انڈونیشیا کے مغربی صوبے آچے کے نزدیک شدید زلزلہ آیا ہے۔
سروے کے مطابق ریکٹر سکیل پر اس زلزلے کی شدت سات اعشاریہ چھ تھی۔
حکام کے مطابق ابھی تک زلزلے سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے تاہم علاقے میں فون لائنیں تباہ ہو گئی ہیں۔
زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام تین بج کر آٹھ منٹ پر آیا اور اس کا مرکز سماٹرا سے ساحل سے قریباً دو سو میل دور پینتیس کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے قریباً ایک منٹ تک جاری رہے اور جھٹکے زلزلے کے مرکز سے تین سو کلومیٹر دور آچے کے صوبائی دارالحکومت بندہ آچے میں بھی محسوس کیے گئے جہاں لوگ دفاتر اور گھروں سے باہر نکل آئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق زلزلے کے بعد انڈونیشیا میں کسی قسم کی سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی تاہم امریکی ریاست ہوائی میں قائم بحرالکاہل سونامی تنبیہی مرکز نے زلزلے کے بعد انڈنیشیا کے لیے’سونامی وارننگ‘ جاری کی ہے تاہم مرکز کے مطابق اس زلزلے سے کسی تباہ کن اور بڑے سونامی کا کوئی خطرہ موجود نہیں۔
زلزلے کا مرکز اس جگہ کے نزدیک واقع ہے جہاں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں سنہ 2004 میں سونامی آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک لاکھ تیس ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ یاد رہے کہ انڈونیشیا ایسے خطے میں واقع ہے جہاں زیرِ زمین اور زیرِ آب تبدیلیوں کی وجہ سے اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔