Saturday, 16 February, 2008, 01:29 GMT 06:29 PST
غزہ میں ایک گھر میں ہونے والے دھماکے سے اسلامک جہاد کے کمانڈر سمیت چھ افراد ہلاک اور چالیس زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ دھماکہ غزہ کے سب سے زیادہ آبادی والے بریج مہاجر کیمپ میں ابو عبداللہ کے نام سے جانے جانے والے اسلامک جہاد کمانڈر ایمن الفائد کے گھر میں ہوا۔
فلسطینی طبی حکام کے مطابق اس دھماکے میں الفائد کے دو بچے بھی مارے گئے جبکہ ان کی اہلیہ اور دیگر تین بچوں کے بارے میں پتہ نہیں چل سکا ہے۔ عینی شاہدین کی مطابق دھماکے کی شدت سے گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور اس سے کئی قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
اسلامک جہاد کے ترجمان نے اسرائیل کو اس دھماکے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمانڈر کو اسرائیلی فضائیہ نے نشانہ بنایا ہے اور اس کا بدلہ لیا جائے گا۔
اسلامک جہاد کے عسکری ونگ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ’ ہم اس صیہونی قتلِ عام کا دردناک جواب دیں گے اور دشمن کو ہر جگہ نشانہ بنائیں گے‘۔
اسرائیل نے اس علاقے میں کسی کارروائی سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ تاہم یاد رہے کہ اس ماہ کے اوائل میں اسرائیلی وزراء نے کہا تھا کہ غزہ میں عسکریت پسند رہنماؤں کو ہلاک کرنے کی کوششیں کی جا سکتی ہیں۔