Saturday, 09 February, 2008, 08:35 GMT 13:35 PST
عراق میں امریکی سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ دو مختلف حملوں میں پانچ امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو امریکی فوج نے بتایا ہے کہ ان میں سے چار فوجی بعذاد میں گشت کے دوران ایک حملے کا نشانہ بنے جبکہ پانچواں ملک کے شمالی علاقے میں مارا گیا۔
فوجی حکام کے مطابق بغداد میں مارے جانے والے فوجی جمعے کو اس وقت ہلاک ہوئے جب وہ اپنی گاڑی پر جنگی نوعیت کی گشت پر تھے کہ ان کی گاڑی دھماکے کا شکار ہو گئی۔
جمعے کو ہی شمالی صوبے التمیم میں سڑک کے کنارے نصب بم کے پھٹنے سے ایک امریکی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔
ایک غیر جانبدار ویب سائٹ کے حوالے سے اے ایف پی کا کہنا ہے کہ ان پانچ ہلاکتوں کے بعد سنہ دو ہزار تین میں عراق پر حملے سے اب تک ملک میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد تین ہزار نو سو پچپن ہو گئی ہے۔
گزشتہ سال بغداد میں امریکی فوج کے بڑے سکیورٹی آپریشن کے بعد فوجیوں پر حملوں میں کمی آ گئی تھی لیکن چند ہفتوں سے اس میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ امریکی فوج کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ اس سال کے آغاز سے اوسطاً ہر تیسرے روز اتحادی فوجیوں پر ایک حملہ ہو رہا ہے اور ان حملوں میں جدید تر بم استعمال کیے جا رہے ہیں۔
جنوری کے آخری ہفتے میں موصل میں بھی سڑک کے کنارے ایک بم پھٹنے سے پانچ امریکی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔