http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 07 February, 2008, 15:02 GMT 20:02 PST

ایران سے سنگساری کی منسوخی مطلوب

حقوق انسانی کے لیے کام کرنے والی امریکہ میں قائم تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے ایرانی عدلیہ سے اپیل کی ہے کہ تین افراد کو سنگساری کے ذریعے موت کی سزا کو منسوخ کیا جائے۔

ان تین افراد کو سنگسار کرنے کی سزا ناجائز تعلقات کے الزام میں دی گئی ہے۔

ان افراد میں سے دو ملزمان آپس میں بہنیں ہیں جنہیں ابتداء میں ناجائز تعلقات کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔

اس جرم انہیں پہلے کوڑے بھی مارے جا چکے ہیں۔

ایران میں سنگساری کے خلاف کارکنوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران التواء کی درخواستوں کے باوجود ایران میں سنگساری کی سزا پر تین بار عمل ہو چکا ہے۔

ان ارکان کا کہنا ہے کہ خاص طور پر اس سزا پر عمل انتہائی وحشیانہ ہے۔

ان کارکنوں کے مطابق اس سزا پر عمل کے لیے سزایافتہ کو گردن یا سینے تک زمین میں گاڑ دیا جاتا ہے اور اس کے بعد اس پر پتھر برسائے جاتے ہیں۔ جس کے نتیجے میں فوری کی بجائے موت انتہائی تکلیف دہ عمل بن جاتی ہے۔