http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 01 February, 2008, 04:05 GMT 09:05 PST

استنبول میں دھماکہ بیس ہلاک

ترکی کے شہر استنبول میں حکام کے مطابق آتشبازی کا سامان بنانے والے غیر قانونی کارخانے میں دو دھماکوں سے بیس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

استنبول کے مغربی علاقے میں مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے ہونے والے ان دھماکوں میں پانچ منزلہ عمارت کے کچھ حصے منہدم ہو گئے۔

حکام نے اس واقعے میں دہشت گردی کے امکان کو رد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پانچ سالہ عمارت میں گزشتہ دو سال سے ایک آتشبازی بنانے والا ایک کارخانہ غیر قانونی طور پر کام کر رہا تھا۔

استنبول کے میئر کاردار ٹوباس نے کہا کہ پہلے دھماکے سے آگ لگ گئی اور جس کی وجہ سے وہاں کچھ لوگ بھی جمع ہو گئے جب دوسرا دھماکہ ہوا جس وجہ سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ عمارت سے سفید دھواں اٹھ رہا تھا اور لوگ ادھر اُدھر بھاگ رہے تھے۔

دھماکے کے بعد اردگرد کی گلیاں شیشوں اور عمارتی ملبے سے بھر گئیں۔

دھماکے کے بعد امدادی کام کرنے والے موقعے پر پہنچ گئے اور بہت سے زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔