Tuesday, 29 January, 2008, 12:07 GMT 17:07 PST
ایران میں بہائی فرقے سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو موجودہ نظام کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے جرم میں چار سال قید کی سزا دی گئی جبکہ اکیاون افراد کو قید کی معطل سزا سنائی گئی ہے۔
عدلیہ کے ترجمان علی رضا جمشیدی کے مطابق ان افراد کو ایران کے شہر شیراز میں سزا سنائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکیاون افراد کی سزا اس صورت میں معطل کی گئی ہے کہ وہ حکومت کے تجویز کردہ کورسز میں داخلہ لیں۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران علی رضا نے کہا کہ اکیاون افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔
ان افراد کو پچھلے سال کے آغاز میں گرفتار کیا گیا تھا اور حکومت کا کہنا ہے کہ یہ افراد غریب لوگوں کی فلاح کے بہانے نظام کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے تھے۔
ایرانی آئین میں اسلام، عیسائیت، یہودیت اور زرتشت مذاہب کو جائز تصور کیا جاتا ہے۔