Saturday, 26 January, 2008, 01:21 GMT 06:21 PST
اسرائیل سے صلح کے مذاکرات کے مخالف فلسطینی گروپوں کے لیڈروں کا اجلاس شام کے دارالحکومت دمشق میں ختم ہوگیا ہے۔ حماس نے بتایا ہے کہ مندوبین نے قسم اٹھائی ہے کہ اسرائیل کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے اور صدر محمود عباس کی پالیسیوں کی مخالفت جاری رہے گی۔
اُدھر صدر محمود عباس اتوار کو اسرائیل کے وزیر اعظم ایہود براک سے اپنی اگلی ملاقات کرنے والے ہیں۔ ان کو امید ہے کہ اسرائیل سے صلح نامہ اس سال کے آخر تک طے ہو جائے گا۔
دریں اثناء غزہ اور مصر کی سرحد پر جمعے کو تیسرے دن بھی افراتفری کے مناظر دیکھنے میں آئے۔ ہزاروں فلسطینیوں نے مصری فوج کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا کہ سرحد کو بند کردیا جاۓ۔
صدر حسنی مبارک نے اسرائیلی ناکہ بندی پر سخت تنقید کی ہے جس کی وجہ سے غزہ کے باشندے کھانے پینے اور ضرورت کی عام چیزوں سے بھی محروم ہو گۓ ہیں۔