Tuesday, 08 January, 2008, 11:38 GMT 16:38 PST
امریکہ میں آئندہ صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ اور رپبلکن پارٹیوں کی نامزدگی کے حصول کے لیے منگل کو نیو ہیمشائر میں میدان لگ رہا ہے جس میں عوامی جائزوں کے مطابق باراک اوباما اور جان مکین کو سبقت حاصل ہے۔
ڈیموکریٹ پارٹی میں سینیٹر باراک اوباما کی حریف ہیلری کلنٹن نیو ہیمشائر میں اپنی انتخابی مہم کے اختتام پر جذباتی ہو گئیں اور انہوں نےاپنے آنسوں پر قابو پاتے ہوئے عوامی جائزوں پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔
رپبلکن پارٹی میں سینیٹر جان مکین کو اپنے مد مقابل مٹ رومنی پر برتری حاصل ہے۔
نیوہیمشائر میں پرائمریز میں ووٹنگ کا آغاز روائتی طور پر ڈکسوائل نوچ اور ہارٹ لوکیشن کے دو چھوٹے چھوٹے قصبوں سے ہوا جہاں باراک اوباما اور جان مکین کی ابتدائی اطلاعات کے مطابق سبقت برقرار رہی۔
ریاست میں دوسری جگہوں پر پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے سے رات آٹھ بجے تک جاری رہے گی۔ ان انتخابات کے نتائج پولنگ ختم ہونے کے فوری بعد آنا شروع ہو جائیں گے۔