Monday, 07 January, 2008, 23:35 GMT 04:35 PST
امریکی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس نے کہا ہے کہ خلیج میں ایران کی حالیہ کارروائیاں اشتعال انگیز اور خطرناک تھیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے بی بی سی کی عربی سروس سے بات کرتے ہوئے ایران پر زور دیا کہ امریکہ کے خلیج میں مفادات ہیں اور وہ ان مفادات اور اپنے اتحادیوں کا تحفظ کرے گا۔
امریکی محکمۂ دفاع کا کہنا ہے کہ اس اختتام ہفتہ آبنائے ہرمز میں پانچ ایرانی کشتیاں تین امریکی جنگی جہازوں کے قریب آئیں اور کچھ دیر کے لیے ان کو دھمکایا کہ وہ انہیں اڑا دیں گی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان محمد علی حسینی نے کہا کہ اس طرح کا واقعہ فریقین کے درمیان کبھی کبھار پیش آ جاتا ہے اور شناخت کے بعد معاملہ رفع دفع ہو جاتا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ مارچ میں ایرانی پاسداران انقلاب نے پندرہ برطانوی فوجیوں کو پکڑ لیا تھا جنہیں دو ہفتے بعد چھوڑا گیا تھا۔ ایران نے کہا تھا کہ برطانوی فوجی ایرانی حدود میں داخل ہو گئے تھے۔ برطانیہ نے اس الزام کی تردید کی تھی۔
دنیا میں استعمال ہونے والے تیل کا پانچواں حصہ آبنائے ہرمز سے گزرتا ہے۔ اس لحاظ سے اسے دنیا کی اہم ترین آبی گزرگاہ سمجھا جا سکتا ہے۔