http://bbc.com.im/urdu/

کینیا میں کشیدگی، متعدد ہلاکتیں

کینیا میں صدارتی انتخاب پر ہونے والی کشیدگی میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

متنازعہ صدارتی انتخاب کے بعد جنوبی کینیا کے قصبے کِسومو میں ہونے والی لڑائی میں دو خواتین اور تین بچوں سمیت تقریباً چالیس سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

بی بی سی کے ایک رپورٹر نوئل مواکوگو نے حزبِ اختلاف کے اکثریتی علاقے کے مردہ خانے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں دیکھیں جنہیں گولیاں ماری گئی تھیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پولیس نے پچھلے ہفتے ہونے والے انتخاب میں دھاندلی کا الزام لگانے والے مظاہرین پر اسوقت گولیاں چلائیں جب انہوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔
صدر موائی کیبا
صدر موائی کیبا نے 4,584,721 ووٹ حاصل کئے

صدر موائی کیبا کی صدارتی انتخاب میں فاتح قرار پائے تھے لیکن رائیلا اوڈینگا کا کہنا ہے کہ انہوں نے دھاندلی سے کامیابی حاصل کی ہے۔

درالحکومت نیروبی اور مومباسا کی کچی آبادی کے علاقوں سے بھی پرتشدد لڑائی کی اطلاعات ہیں۔

خبر رساں ادرے رائٹرز کی رپورٹ مطابق نیروبی کی کچی آبادی کے علاقے کوروگچو سے بھی پندرہ لاشیں ملی ہیں۔

یورپی یونین کے الیکشن مبصرین نے بھی سرکاری طور پر ان انتخابات کے نتائج کے اعلان پر شکوک وشبہات ظاہر کئے تھے۔