Tuesday, 25 December, 2007, 03:41 GMT 08:41 PST
امریکہ نے ترکی کے کرد باغیوں پر عراق میں حملوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرد باغیوں کی تنظیم سے نمٹنے کے لیےامریکہ اور ترکی کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
امریکہ کے صدر جارج بش نے ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا کہ امریکی صدر جارج بش نے ترک وزیر اعظم کو کرد باغیوں کے خلاف ترکی کے حملوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ترجمان نےکہا امریکی صدر اور ترک وزیر اعظم نے کرد باغیوں کی تنظیم پی کے کے سے نمنٹے کے لیے مشترکہ کوششوں سے متعلق بعض امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ادھر عراق کے کرد علاقوں کےصدر مسعود برزانی نے ترکی کو خبردار کیا ہے کہ وہ عراق میں کرد باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے بند کر دے ۔
عراقی کرد رہنما مسعود برزانی نے کہا ہے کہ وہ اس بات کو کسی طور پر برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں کہ دیہاتوں پر بمباری کی جائے اور لوگوں کو ہلاک کیا جائے۔
عراق کے صدر جلال طالبانی نے، جو خود بھی ایک کرد ہیں، کہا ہے کہ انہوں نے ترکی کی حکومت سے باضابطہ طور پر اِن حملوں کی شکایت کی ہے لیکن وہ نہیں چاہتے کہ کشیدگی میں مزید اضافہ ہو۔
جلال طالبانی بغداد کےجنوب میں واقع سلیمانیہ میں عراقی کرد رہنما سے عراق کی علاقائی کرد جماعتوں اور قومی حکومت کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے مذاکرات کے بعد صحافیوں سے بات کر رہے تھے
جنوبی عراق میں کرد باغیوں کے ٹھکانوں پر ترکی کے فضائی حملوں میں گزشتہ آٹھ روز کے دوران اب تک دس افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔