http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 18 December, 2007, 09:45 GMT 14:45 PST

ترک فوج عراق میں گھس گئی

ترک فوج نے علیحدگی پسند کردوں کے ایک گروہ یعنی کردستان ورکرز پارٹی کے ارکان کے خلاف عراق میں گھس کر ایک بڑی کارروائی شروع کی ہے۔

عراقی حکام کے کم از کم تین سو ترک فوجی جو ہلکے اسلحے سے لیس ہیں، عراق کے اندر گھس کر عراقی کردوں کےخلاف کارروائی کر رہے ہیں۔

عراقی حکام کا کہنا ہے کہ ترک فوجی عراق کے علاقے گالی ریش میں تین کلو میٹراندر گھس چکے ہیں۔

ترکی نےان اطلاعات پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ترکی کا موقف ہے کہ وہ کرد باغیوں کےخلاف کارروائی کرنے کے لیے عراق کے اندر گھسنے کا اختیار رکھتا ہے۔

ترکی کی کابینہ نے فوج کو عراق کے علاقے میں گھس کر کارروائی کی اجازت دے
رکھی ہے۔ ترک فوج کا الزام ہے کہ عراق میں مقیم کرد باغی ترکی کے اندر گوریلا کارروائیاں کرتے ہیں جن میں کئی ترک فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

ترکی کی فضائیہ نے عراق کے نیم خود مختار علاقے کئی مقامات پر بمباری بھی کی ہے۔