Saturday, 15 December, 2007, 11:56 GMT 16:56 PST
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گورنر ہاؤس کے قریب ہونے والے ایک راکٹ حملے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک جبکہ پانچ سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
راکٹ حملہ سنیچر کی صبح مقامی وقت کے مطابق آٹھ بج کر بیس منٹ پر کیا گیا اور اس کی آواز کم و بیش پورے دارالحکومت میں سنی گئی۔ گورنر اس حملے میں محفوظ رہے ہیں۔ ابتداء میں افغان حکام نے بتایا تھا کہ ایک کار خودکش حملہ ہوا ہے۔
گورنر ہاؤس کے قریب کھڑی ایک گاڑی میں پانچ راکٹ رکھے گئے تھے جس میں سے صرف دو راکٹ پھٹ کر آپس پاس واقع عمارتوں پر گرے۔ وزارتِ داخلہ کے ایک پریس افیسر نے بتایا کہ ایک راکٹ بظاہر ریموٹ کنٹرول سے داغا گیا۔
شہر میں راکٹ گھاس کے بڑے ڈھیروں میں چھپا کر اسمگل کیے جاتے رہے ہیں۔
اس ماہ کے آغاز میں طالبان نے کابل میں دو خودکش حملے کیے تھے جن میں سے ایک حملے میں تیرہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
ستمبر میں کابل میں ایک فوجی بس کو حملے کا نشانہ بنایا گیا جس میں تیس افغان فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔