Monday, 10 December, 2007, 04:36 GMT 09:36 PST
افغانستان میں حکومت کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی صوبے ہلمند کے علاقے موسیٰ قلعہ میں شدید لڑائی کے بعد طالبان کے دو اہم رہنماؤں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
افغان وزارتِ دفاع کے ایک بیان کے مطابق گرفتار طالبان رہنماؤں کے نام ملا متین اخوند اور ملا رحیم اخوند ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ موسیٰ قلعہ کو طالبان کے قبضے سے چھڑوانے کے لیے افغان اور نیٹو افواج کوششیں اب تک کامیابی سے جاری ہیں۔
افغان جنرل محمد ظاہر عظیمی کا کہنا ہے کہ میدان جنگ سے آنے والی اطلاعات کے مطابق دشمن کے کے زیادہ تر سپاہی ہتھیار پھینک کر علاقہ چھوڑ رہے ہیں۔ تاہم ان کے اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
موسیٰ قلعہ افغانستان میں واحد قابل ذکر شہر ہے جو طالبان کے کنٹرول میں ہے۔ اطلاعات کے مطابق اب تک کی لڑائی میں بارہ طالبان،
دو بچے اور ایک ایک برطانوی اور نیٹو فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
![]() |
|
| موسیٰ قلعہ صوبہ ہلمند میں واقع ہے |
کابل میں بی بی سی کے نامہ نگار ڈیوڈ لوئن کے مطابق طالبان کے قبضے کے بعد سے موسیٰ قلعہ افغانستان میں منشیات کے کاروبار کا گڑھ بن گیا ہے۔
طالبان نے ہلمند کے گورنر کی طرف سے ہتھیار پھینکنے کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ طالبان نے شہر کے دفاع کے لیے بڑی تعداد میں بارودی سرنگیں بچھا رکھی ہیں۔