Sunday, 02 December, 2007, 08:55 GMT 13:55 PST
قدرت کے خزانے کے کچھ نایاب اور نادر نمونے جلد ہی لندن میں نمائش کے لیے پیش کیے جانے والے ہیں۔
لندن کے نیچرل ہسٹری میوزیم کی نئی گیلری میں دنیا بھر کے ہیرے جواہرات ،شہابِ ثاقب اور طلائی نمونے نمائش کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔
میوزیم کے کیوریٹر ایلن ہارٹ نے بتایا کہ ان نادر نمونوں کا انتخاب ان کی خوبصورتی اور تاریخی اہمیت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔جن میں کان سے برآمد کیا گیا ایک سونے کاٹکڑا اور مختلف رنگوں کے 296 ہیرے جوہرات شامل ہیں۔
مسٹر ہارٹ نے انہیں دنیا کے نادر نمونے قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے یہ گیلری اس لیے ڈیزائن کی ہے تاکہ ہم دنیا کے سامنے یہ بیش قیمتی نمونے پیش کر سکیں۔
عاریتاً دیے گئے کچھ انتہائی بیش قیمتی ہیرے بھی اس نمائش کی زینت بنیں گے جن میں سرخ سے لیکر سبز یاقوت بھی شامل ہے۔
ان بیش قیمت ہیرے جواہرات کے خزانے کے مالکان میں سے ایک ایلن برونسٹین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے نادر نمونے کسی اندھیرے تحہ خانے میں قید کر کے رکھنے کے لیے نہیں ہوتے جہاں کبھی کبھی صرف چند ہی آنکھیں ہی ان کی چمک دیکھ سکیں۔
مسٹر ہارٹ نے بی بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس خزانے کے ہر نمونے کے پیچھے ایک کہانی ہے خواہ وہ تاریخی ہو یا پھر سائنسی اور ثقافتی۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں کے پاس ہیرے جواہرات ہوتے تو ہیں لیکن انہیں یہ معلوم نہیں ہوتا کہ ان خوبصورت پتھروں کا تعلق کہاں سے ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ان میں سے کچھ قدرت کے بہترین شاہکار ہوتے ہیں۔\’ ان میں سے کچھ چیزیں انمول ہیں ان کی قیمت نہیں لگائی جا سکتی خاص طور پر سائنسی لحاظ سے جن میں سے ایک نادر نمونہ ناکھلا شہابِ ثاقب ہے جوسنہ 1911 میں مصر میں زمین پر گرا تھا۔