Saturday, 01 December, 2007, 10:19 GMT 15:19 PST
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ممالک کے حکام سنیچر کو پیرس میں ملاقات کریں گے جس میں ایران پر اس کا جوہری پروگرام ترک کرنے کے لیے دباؤ بڑھانے کے نئے طریقہ کار پر غور کیا جائے گا۔
اس بات چیت میں جرمن حکام بھی شریک ہو رہے ہیں۔ بی بی سی کے سفارتی امور کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل کے مستقل اراکین کے گروپ میں شامل مغربی ممالک کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جانب سے ایران کے خلاف مزید پابندیاں لگائے جانے پر زور دیں گے۔
تاہم روس اور چین ایران کے خلاف مزید پابندیاں لگائے جانے کی مخالفت کرچکے ہیں اور پیرس میں ہونے والی اس بات چیت کے دوران ایران کے جوہری پروگرام پر روس اور چین کا حالیہ موقف انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔
جمعہ کویورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ ہاوئیر سولانا جوہری امور پر ایران کے مذاکرات اعلیٰ سعید جلیلی کے ساتھ اپنی حالیہ بات چیت کو مایوس کن قرار دے چکے ہیں۔ اس بات چیت کے اختتام پر سعید جلیلی کا کہنا تھا کہ ایران سے یورینیم کی افژودگی ترک کیے جانے کی توقع رکھنا فضول ہے۔