http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 01 December, 2007, 03:24 GMT 08:24 PST

ہیلری کے دفتر میں دہشتگردی ڈرامہ

امریکہ میں اگلے سال کے صدارتی انتخاب کی امیدوار مسز ہلری کلنٹن کے ایک انتخابی دفتر میں وہ ڈرامہ پانچ گھنٹے کے بعد کسی بڑے سانحے کے بغیر ختم ہو گیا جس میں ایک شخص نے دفتر میں گھس کر کچھ لوگوں کو اپنے قبضے میں کرلیا تھا۔

یہ واقعہ نیو ہیم شائر کے ایک دفتر میں پیش آیا جہاں ایک آدمی نے کہا کہ میں بدن پہ بم باندھ کے آیا ہوں۔ اس نے کچھ لوگوں کو قابو میں کرتے ہوئے کہا کہ میں مسز کلنٹن سے بات کرنی چاہتا ہوں جو وہاں موجود نہیں تھیں۔

پولیس وہاں بہت بھاری تعداد میں پہنچ گئی اور آخر کار اس شخص کو منا لیا کہ لوگوں کو چھوڑ دے اور پولیس کے ساتھ چلا جائے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ شخص بہت عرصے سے کسی دماغی مرض میں مبتلا ہے۔

وہ شخص مقامی وقت کے مطابق دن کے ایک بجے ہلری کلنٹن کے دفر میں داخل ہوا اور اس نے مطالبہ کیا کہ اس کی بات ہلری کلنٹن سے کروائی جائے۔ اس کے بعد اس نے یرغمال بنائی گئی ایک عورت اور اس کی بچی کو چھوڑ دیا۔ اس کے بعد دو اور افراد کو چھوڑ دیا گیا۔

مقامی ٹی وی نے اس شخص کا نام لی آئزنبرگ بتایا ہے۔ ذرائع کے مطابق لی نے اپنے پوتے کو کہا تھا کہ وہ خبروں پر نظر رکھے۔

ہلری کلنٹن نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ان کا عملہ اور دیگر افراد محفوظ ہیں۔