http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 01 November, 2007, 11:18 GMT 16:18 PST

محسن عباس
ٹورانٹو، کینیڈا

کینیڈا: پاکستانی ڈریسز کی پذیرائی

کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں ہونے والے ’لارئیل فیشن ویک‘ میں کینیڈا اور امریکہ اور یورپ سمیت کئی دیگر ممالک کے مشہور ڈیزائینزروں اور ملبوسات کے خریداروں نے شرکت کی۔

اس سال فیشن شو کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں پاکستانی ڈیزائینر کے ملبوسات کو بڑی اہمیت دی گئی ہے۔کینیڈا و بیرون ملک کے بیشتر خریداروں کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈیزائنوں میں جمالیاتی پہلو قابل تعریف ہے اور رنگوں کا استعمال بڑی خوبصورتی سے کیا گیا ہے۔

فیشن شو میں پاکستانی ملبوسات، تصاویر

فیشن شو میں شامل واحد پاکستانی نژاد کینیڈین ڈیزائنر ثانیہ خان نے اپنے ملبوسات کو اس مقام پر پہنچانے کے لیے ڈیزائنرمیں مغرب اور مشرق کےامتزاج سےایک درمیانی راستہ نکالا ہے۔

ثانیہ خان نے بتایا کہ انہوں نے ملبوسات کا آئیڈیا پاکستان میں عام گھریلو خواتین کے ہاتھوں بننے والےمشہور پائنچے اور پٹی سےمتعارف کرایا ہےجس کو اس شو میں بڑی پذیرائی ملی ہے۔ان ڈیزائینوں کے ذریعے شلوار کو ایک کولیکشن کے طور پر متعارف کرایا ہے۔اور ان ملبوسات میں استعمال کیے گئے رنگوں سے پاکستان کے موسم گرما کی جھلک بھی دکھائی دیتی ہے۔

ثانیہ کا خیا ل ہے کہ کینیڈا اور امریکہ کے لوگوں میں پاکستانی ملبوسات مزید مقبول ہوسکتے ہیں لیکن یہاں پر موجود پاکستانی سفارتکاروں کو اس میں دلچسپی لینی چاہیے اس سے پاکستان کو معاشی طور پر بڑا فائدہ ہوسکتا ہے۔

لارئیل فیشن ویک ہر سال ٹورانٹو میں منعقد ہوتا ہے ۔اس برس اس شو میں جنوبی ایشیائی پہناوے کی جھلکیاں دیکھنے کو ملی ہیں۔پانچ روز تک جاری رہنے والے اس فیشن ویک کی ابتداء مشہور ڈیزائنر جو فریش کے ڈیزائن کیے ہوئے ملبوسات سے ہوئی۔