Saturday, 27 October, 2007, 04:04 GMT 09:04 PST
محسن عباس
ٹورانٹو کینیڈا
کینیڈا میں مسلمان خواتین کے حجاب اوڑھنے پر تنازعات کے بعد ان سےاظہار یکجہتی کے لیے مسلم و غیر مسلم خواتین نے ملک بھر میں ’قومی حجاب ڈے‘ منایا ہے۔
کینیڈا میں اکتوبر کا مہینہ اسلامی ثقافت اور خواتین میں چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ جس وجہ سے اس دن کو ’پنک‘ یعنی گلابی حجاب ڈے کا نام دیا گیا ہے۔
جمعہ کے روز کینیڈا بھرکی بیشتر یونیورسٹیوں اور کالجوں میں مسلم اور غیرمسلم طالبات نے پہلے قومی حجاب ڈے کے موقع پرگلابی رنگ کے حجاب اوڑھ رکھے تھے۔
اس موقع پر مختلف اسلامی وغیراسلامی تنظیموں نے غیر مسلم خواتین و طالبات میں گلابی رنگ کے حجاب تقسیم کیے اور یونیورسٹیوں میں ہر طرف مسلم و غیر مسلم طالبات گلابی حجاب اوڑھے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر مسلمان خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہی تھیں۔
دنیا کے کئی دوسرے مملک کی طرح گزشتہ چند سالوں میں کینیڈا میں حجاب اوڑھنے پرتنازعات کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔
ان واقعات میں مسلمان خواتین طالبات اور خواتین کھلاڑیوں کے حجاب اوڑھنے پر کئی متنازعہ واقعات کے بعد کینیڈا میں حجاب کے بارے میں آگاہی کی تحریک نے زور پکڑا ہے۔ اس دن کو منانے میں ایک عیسائی خاتون فرانسیسی نژاد کینیڈین پروفیسر میریل واکر نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
![]() | |
| بہت سی غیر مسلم لڑکیوں نے حجاب اوڑھا |
جب اس قومی حجاب ڈے کی خبر مشہور ویب سایٹ فیس بک کا استعمال کرنے والی طالبات کو ملی تو انہوں نے اس دن کو عورتوں میں چھاتی کے کینسر کی ریسرچ کی آگاہی میں مدد کرنے کے لیے اس دن کو قومی حجاب ڈے کی بجائے نیشنل پنک حجاب ڈے کا نام دے دیا۔ جس کے بعد فیس بک پر ہزاروں طالبات نے اس دن کو منانے کا اعلان کیا اور یوں اس دن کا نام قومی حجاب ڈے سے بدل کر گلابی حجاب ڈے کے نام سے مشہور ہو گیا۔
![]() | |
| جھنڈے کو بھی حجاب کے لیے استعمال کیا گیا |
انہوں نے کہا کہ وہ فرانس میں مسلم خواتین کے حجاب اوڑھنے کے تنازعہ پر خوش نہیں ہیں اور عنقریب وہ اپنے آبائی ملک فرانس میں بھی اسی طرز پر ایک حجاب ڈے منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
اس حجاب ڈے کے موقع پر یونیورسٹی آف ٹورانٹو کی طالبہ کیتھرین ونسٹن نے کہا کہ آج حجاب پہن کر محسوس ہوا ہے کے مسلم خواتین کس طرح محسوس کرتی ہیں۔
کینیڈین اسلامک کانگرس کی نائب صدر وحیدہ والیانتے نے بی بی سی کو ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ آج کادن منانے کا اہم مقصد یہ تھا کہ اسلام اور دوسرے مذہب کے مابین ہم آہنگی پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن چھاتی کے کینسر کی ریسرچ کے لیے آگا ہی ضروری ہے ۔