http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 23 October, 2007, 06:40 GMT 11:40 PST

جنگ کیلیے مزید 46 بلین ڈالر: بش

امریکی صدر جارج بش نے کانگریس سے عراق اور افغانستان جنگوں اور قومی سلامتی کی ضروریات کے لیے مزید 46 بلین ڈالر فنڈ کا مطالبہ کیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی آئندہ سالانہ بجٹ کے لیے جنگوں سے متعلق صدر بش کی جانب سے فنڈ کا مطالبہ 200 بلین ڈالر کا ہوجائے گا۔

اس سے قبل ستمبر میں امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے بھی جنگ کے لیے مزید فنڈز کی اپیل کی تھی۔

رابرٹ گیٹس نے کہا تھا کہ یہ پیسے بکتربند گاڑیاں خریدنے کے لیے ضروری ہیں کیونکہ امریکی فوج کو عراق میں سڑک کے کنارے نصب کیے جانے والے دستی بموں کا سامنا ہے۔

صدر بش نے باضابطہ طور پر فنڈ کے لیے کانگریس سے درخواست کرتے ہوئے کہا: ’فرنٹ لائن پر تعینات ہمارے جوانوں کو واشنگٹن میں ہونے والی دو طرفہ سیاست کا حصہ نہیں بنانا چاہیے۔‘

ڈیموکریٹِک جماعت کے سیاستدانوں نے، جن کا کانگریس کے دونوں ایوانوں پر کنٹرول ہے، کہا ہے کہ وہ نئے سال کی آمد تک صدر بش کی اس درخواست پر غور نہیں کرنے والے ہیں۔

امریکی صدر کے اس مطالبے میں وہ 500 ملین ڈالر بھی شامل ہیں جو انہوں نے امریکہ-میکسیکو سرحد پر غیرقانونی ادویات کی ٹریفِکنگ روکنے کے لیے مانگی ہیں۔