Monday, 22 October, 2007, 02:15 GMT 07:15 PST
سری لنکا کی وزارتِ دفاع کے مطابق تمل باغیوں نے ملک کے شمالی حصے میں واقع فضائیہ کے ایک اڈے پر حملہ کیا ہے۔
یہ واقعہ پیر کو علی الصبح دارالحکومت کولمبو سے دو سو دس کلومیٹر دور انورادھا پورہ میں پیش آیا اور علاقے سے فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔
فوجی ترجمان بریگیڈیئر ادایا نانایکارا کا کہنا ہے کہ حملہ تین بج کر بیس منٹ پر شروع ہوا اور جھڑپ دو گھنٹے تک جاری رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حملے میں تمل باغیوں کا ایک چھوٹا گروہ اس حملے میں ملوث ہے۔
وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ تمل باغیوں کے طیارے نے فضائی اڈے پر دو بم بھی گرائے ہیں تاہم ان سے ہونے والے نقصان کی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔ یاد رہے کہ تمل باغیوں نے اس برس کے اوائل میں کولمبو میں واقع فضائی اڈے پر بھی بم گرایا تھا۔
خیال کیا جاتا ہے کہ تمل باغیوں کے پاس ایک انجن والے چند ہوائی جہاز ہیں جنہیں ملک میں پرزوں کی صورت میں بذریعہ کشتی منتقل کیا گیا اور بعدازاں انہیں جوڑا گیا ہے۔