Saturday, 06 October, 2007, 07:19 GMT 12:19 PST
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کابل میں ایک خود کش حملہ آور نے اپنی کار امریکی فوجی گاڑیوں سے ٹکرائی ہے جس سے کم سے کم ایک فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔
اتحادی فوج اور افغان حکام کے مطابق سنیچر کے حملے میں فوجی قافلے میں شامل ایک ٹرک تباہ ہوا ہے اور کم سے کم پانچ شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
اتحادی فوج کے ایک ترجمان کے مطابق امریکی فوجی حملے میں زخمی ہوگیا تھا اور بعد میں چل بسا۔
افغان وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ ہلاک شدگان کے علاوہ دھماکے میں پانچ شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
یہ اس ہفتے کے دوران تیسرا خود کش حملہ تھا اور اس کے بارے میں بھی طالبان کا دعویٰ ہے کہ یہ ان کی کارروائی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کو حملے کی تفصیل بتاتے ہوئے امریکی فوج کے ایک ترجمان لیفٹیننٹ کمانڈر کلنٹ لارسن نے بتایا کہ یہ دھماکہ کابل ائر پورٹ کے قریب اس وقت ہوا جب حملہ آور نے بموں سے بھری ایک چھوٹی وین کو قافلے میں شامل دو بکتر بند گاڑیوں سے ٹکرا دیا۔
جن غیر ملکی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ افغان سکیورٹی فورسز کی تربیت پر مامور تھے۔
اس سے قبل کے دو حملوں میں افغان سکیورٹی فورسز کے عملے کی دو بسوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جن میں چالیس سے زیادہ اہلکار مارے گئے تھے۔
فوجی قافلے پر حملے کے علاوہ سنیچر کو افغانستان کے مشرقی صوبے خوست میں بھی ایک خود کش حملہ ہوا ہے جس میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
طالبان جنگجوؤں کا کہنا ہے کہ انہوں نے رمضان کے مقدس مہینے میں غیر ملکی فوجوں پر حملےتیز تر کر دیے ہیں۔
طالبان اور سکیورٹی فورسز کے درمیان اس سال ہونے والی لڑائیوں میں لگ بھگ 3000 افراد مارے گئے ہیں۔