Thursday, 13 September, 2007, 10:47 GMT 15:47 PST
انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں ایک اور طاقت ور زلزلہ آیا ہے جس میں کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ انڈونشیا میں بدھ کو بھی ایک طاقتور زلزلہ آیا تھا جو دنیا میں اس سال آنے والا اب تک کا انتہائی طاقتور زلزلہ تھا جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے تاہم اس تباہی کا اندازہ لگانا ابھی انتہائی مشکل ہے۔ حکام کے مطابق کم از کم چالیس افراد زخمی ہوئے ہیں اور سینکڑوں عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں۔
انڈونیشیا کے ساحلی علاقوں میں بار بار سونامی کی وارننگز دی جاتی رہیں لیکن بعد ازاں انہیں منسوح کردیا گیا۔ بہت سے لوگ دو ہزار چار میں سونامی کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کے دوبارہ ہونے کے خوف کے باعث ملک کے اندورنی حصوں میں چلے گئے تھے۔
ریکٹر سکیل پر سات اعشاریہ آٹھ کی شدت سے جمعرات کو آنے والا یہ زلزلہ
جنوبی سماٹرا کے اسی مقام پر آیا ہے جہاں بدھ کو آٹھ اعشاریہ چار کی شدت کا انتہائی طاقتور زلزلہ آیا تھا۔
امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا دوسرا جھٹکا جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق چھ بج کر اننچاس منٹ پر آیا اور اس کا مرکز تقریباً دس کلومیٹر سمندر کے اندر اور جنوب مشرقی شہر پڈانگ سے تقریباً 115 کی دوری پر تھا۔
زلزلے کا دوسرا جھٹکا پہلے بڑے جھٹکے سے تقریباً بارہ گھنٹے بعد آیا جبکہ پہلے جھٹکے کا مرکز تیس کلومیٹر سمندر کی تہہ میں اور جنوب مغربی شہر بینگکلو سے کوئی اسی میل دور تھا۔
![]() |
ابتدائی اندازوں کے برعکس ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ نظر نہیں
آتا تاہم حکام نے خبردار کیا ہے کہ متاثرہ علاقے میں رابطے کی خراب صورت حال کے پیش نظر زلزلے سے ہونے والی تباہی کا اندازہ لگانا ابھی مشکل ہے۔
دارالحکومت جکارتہ میں محکمۂ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں کھانے پینے اور ادویات کے ہمراہ متاثرہ علاقے میں بھیجی جا رہی ہیں۔
صدر سوسیلو بمبینگ یودھویونو نے فوج اور پولیس کی ہنگامی امدادی ٹیموں کی تشکیل کے احکامات جاری کیے ہیں۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس کے امدادی کارکن بھی سماٹرا کی طرف جار ہے ہیں۔
بدھ کو آنے والے زلزلے کے بعد بحر ہند میں وارننگ کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا تاہم ابتداء میں سماٹرا کے ایک میل کے علاقے میں زلزلے کا ہلکا جھٹکا محسوس کیا گیا جس سے محدود پیمانے پر تباہی ہوئی اور اس کے کوئی دو گھنٹے بعد انڈونیشیا کے محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ انتہائی نوعیت کی سونامی کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ انڈیا اور سری لنکا میں بھی سونامی کی وارننگ منسوخ کردی گئیں۔
![]() |
اطلاعات کے مطابق بینگکلو اور پڈانگ میں زلزلے کے خوف سے ہزاروں افراد نے گزشتہ رات کھلے آسمان تلے گزاری۔
دو ہزار چار میں سونامی کے بعد بدھ کو آنے والا زلزلہ انڈونشیا میں اب تک زلزلے کے سب سے طاقتور جھٹکوں میں سے ایک تھا۔ سونامی کی وجہ بننے والا زلزلہ جس کی شدت ریکٹر سکیل پر آٹھ اعشاریہ نو تھی اور اس کا مرکز شمالی سماٹرا کا صوبہ آچے تھا۔ بحر ہند کی پٹی سے ٹکرانے والے اس زلزلے میں دو لاکھ بیس ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بی بی سی کے نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس شدت کے زلزلے ذرا کم ہی آتے ہیں تاہم دو ہزار چار میں سونامی سے آنے والی تباہی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے جس کے پیش نظر لوگ خوف زدہ ہو گئے ہیں۔