http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 13 September, 2007, 02:23 GMT 07:23 PST

دیوار کےخلاف عراقیوں کا احتجاج

سینکڑوں عراقیوں نے بغداد کے شیعہ اور سنی علاقے کو الگ کرنے والی دیوار کی تعمیر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

شولہ اور غزالیہ اضلاع کے باشندوں نے عراقی پرچم لہراتے ہوئے عراق کو منقسم کرنے اور امریکی افواج کی موجودگی کے خلاف نعرے لگائے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مداخلت کر کے اس دیوار کو منہدم کروائے۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس دیوار سے فرقہ وارانہ تشدد میں کمی آئے گی اور شدت پسندوں کی مسلح تحریک کو روکنے میں مدد ملے گی۔اپریل میں کئی عراقیوں نے اس دیوار کی تعمیر کا کام شروع ہونے پر اس کی مخالفت کی تھی ۔

منگل کے مظاہرے میں شولہ اور غزالیہ کے لوگوں نے دیوار کے مکمل شدہ حصے کےسامنے جمع ہونے سےقبل ان دونوں علاقوں کے درمیان مارچ کیا۔

ان مظاہرین نے بینر اٹھا رکھے تھے جس پر شہر کو منقسم کرنے والی اس دیوار کے لیے ’نو‘ لکھا گیا تھا۔مظاہرین نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ یہ دیوار القاعدہ کے منصوبے کے عین مطابق ہے یہ دیوار لوگوں کو آپس میں جدا کر دے گی۔

سنی قبیلے کے رہنماء حسن الطائی نے مطالبہ کیا ہے کہ عراقی حکومت عراقیوں کے درمیان فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے اور انہیں تقسیم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔

پانچ کلومیٹر لمبی یہ دیوار شیعہ آبادی میں گھرے ہوئے سنی اکثریت کے علاقے ادہامیہ کے گرد تعمیر کی جا رہی ہے۔ ادہامیہ کا علاقہ دریائے دجلہ کے مشرقی کنارے پر واقع ہے اور یہاں فرقہ وارانہ تشدد کےکئی واقعات پیش آ چکے ہیں۔