Wednesday, 12 September, 2007, 00:58 GMT 05:58 PST
امریکی وزارت دفاع کے ایک اہلکار کے مطابق اسرائیلی جیٹ طیاروں نے گزشتہ ہفتے شام پر ایک فضائی حملہ کیا ہے۔ تاہم اس اہلکار کا کہنا ہے کہ اس مبینہ حملے کے ہدف کے بارے میں اسے معلومات نہیں ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مذکورہ اہلکار نے اپنا نام صیغۂ راز میں رکھنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ’میرا خیال ہے کہ شام کو خبردار کرنے کے لیے ایسا کیا گیا ہے کہ وہ لبنان میں حزب اللہ کو مسلح کرنے سے باز رہے۔‘
شام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی طیارے جب شمال سے اس کی حدود میں داخل ہوئے تو ان پر فائرنگ کی گئی۔ اسرائیل نے شام کے اس دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
شام کے فوجی حکام کا کہنا تھا کہ اس کے فضائی دفاع کے نظام نے جب اسرائیلی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کیا تو اس وقت تک وہ ایک ویران علاقے میں کچھ بارود گرا چکے تھے۔ تاہم اس واقعہ میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی طیاروں کو شام کے فضائی دفاع کے نظام نے ترکی کی سرحد کے قریب تل الابید کے علاقے میں الجھا لیا تھا۔