Sunday, 09 September, 2007, 08:10 GMT 13:10 PST
شمالی افریقہ میں القاعدہ کے ارکان نے دعویٰ کیا ہے کہ الجزائر میں گزشتہ دو دنوں میں ہونے والے دو خود کش حملے ان کی تنظیم کی کارروائی تھے۔ ان حملوں میں کم سے کم پچاس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
خود کو اسلامی افریقہ یا ’مغرب‘ میں القاعدہ کہلانے والے گروہ نے یہ دعویٰ ایک ویب سائٹ پر کیا ہے۔
اتوار کو ہونے والے خود کش حملے میں کم سے کم تیس افراد اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب بارود سے بھرے ایک ٹرک کو ڈیلی کی بندرگاہ پر بحری فوج کی بیرکوں سے ٹکرا دیا گیا۔
الجزائر کی حکومت نے اتوار کو اس دہشت گردی کے خلاف جلوس نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے بھی حملوں پر شدید تنقید کی ہے۔ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے چئرمین ژاں ماریس ریپرٹ نے سنیچر کو ہونے والے خود کش حملے کو ایک گھناؤنا فعل قرار دیا ہے۔
’ختم ہوتی ہوئی دہشتگردی‘
ہسپتال کے حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے دارالحکومت الجیئرز سے ساٹھ میل مشرق میں بندرگاہ پر ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اصافہ ہو سکتا ہے۔
![]() |
اپریل میں بھی دارالحکومت میں ہونے والے دو بم دھماکوں میں تئیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ان دھماکوں کی ذمہ داری بھی مغربی عرب ممالک میں خود کو القاعدہ کہنے والی ایک تنظیم نےقبول کی تھی۔
شمالی افریقہ میں بی بی سی کے نامہ نگار رچرڈ ہیملٹن کے مطابق القاعدہ کی طرف سے حالیہ خود کش حملوں کی ذمہ داری قبول کرنا حیران کن بات نہیں ہے کیونکہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان حملوں پر القاعدہ کی مہر لگی ہوئی ہے اور افریقہ کے اس خطے میں خود کش حملوں کی روایت القاعدہ ہی لے کر آئی ہے۔
حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے والا گروہ پہلے خود کو’سلفی گروہ برائے تبلیغ و جنگ‘ کے نام سے متعارف کراتا تھا، تاہم گزشتہ برس القاعدہ کے ساتھ ملنے کے بعد اس نے خود کو القاعدہ کہلوانا شروع کر دیا تھا۔
حالیہ حملوں کے بعد صدر عبدالعزیز بوتفليقہ کا اصرار ہے کہ ’ الجزائر کے عوم پر ان حملوں کے اندوہناک نتائج اپنی جگہ لیکن ہمارے ہاں دہشتگردی پسپا ہو رہی ہے۔‘
برسوں کا خون خرابہ |
ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ الجزائری عوام کی اکثریت شدت پسندی کو پسند نہیں کرتی کیونکہ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ برسوں کے خون خرابے سے زچ آ چکے ہیں۔
صدر عبدالعزیز بوتفليقہ نے اسلامی شدت پسندوں پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان کی قومی یکجہتی کی پالیسی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کا مقصد فوج اور ایک اسلامی ریاست کے قیام کے خواہش مندگروہوں کے درمیان پندرہ سال سے جاری لڑائی کو ختم کرنا ہے۔