http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 07 September, 2007, 17:56 GMT 22:56 PST

اورنگ زیب ہیتھرو پر گرفتار

انسداد دہشت گردی کی پولیس نے لندن کے ہیتھرو ائرپورٹ پر مانچسٹر سے تعلق رکھنے والے ایک بتیس سالہ شخص اورنگ زیب احمد کو حراست میں لے لیا ہے۔

ان کی گرفتاری سے کچھ دیر قبل ہی اورنگ زیب احمد کے بھائی نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ ان کے بھائی کو پاکستان سے ملک بدر کر دیا گیا ہے۔

گریٹر مانچسٹر پولیس کے انسداد دہشت گردی یونٹ کی جانب جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اورنگ زیب احمد کو دہشت گردی ایکٹ 2000 کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ انہیں پہلے سے ہی جاری تفتیش کے سلسے میں گرفتار کیا گیا ہے اور اس گرفتاری کا تعلق ائرپورٹ یا ایوی ایشن انڈسٹری کو لاحق کسی بھی قسم کے خطرے سے نہیں ہے‘۔

اورنگ زیب احمد پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے برٹش ائیرویز کی پرواز پر ہیتھرو پہنچے تھے۔